گو پر تو نہیں پھر بھی آزاد نہیں کرنا

urdu ghazal

گو پر تو نہیں پھر بھی آزاد نہیں کرنا
نا شاد رکھو مجھ کو تم شاد نہیں کرنا

قد کاٹھ اگر دو گے، سمجُھوں گا تمہیں بونا
بونا ہی رکھو مجھ کو شمشاد نہیں کرنا

تم عام سی لڑکی ہو، میں عام سا لڑکا ہوں
شیریںؔ نہ سمجھ بیٹھو، فرہادؔ نہیں کرنا

ایسے نہ اجڑ جانا دیکھو تو کہیں تم بھی
بستی ہی کوئی دل کی آباد نہیں کرنا

جو ذہن کے ریشوں میں رچ بس کے رہا اس سے
کیسے یہ کروں وعدہ اب یاد نہیں کرنا

اس شہر کے حاکم نے یہ حکم کیا جاری
کچھ بھی ہو کوئی ہرگز فریاد نہیں کرنا

بس ایک انا پائی، گھر اپنا لُٹا بیٹھے
اے بیٹیو! اے بیٹو! اضداد نہیں کرنا

تہذیب بتا دے گی، تم کتنے مہذب ہو
ظاہر ہی کسی پر تم اسناد نہیں کرنا

کُچھ وقت کبھی ہم نے اِک ساتھ گُزارا ہے
اب جور و جفا حسرتؔ، بے داد نہیں کرنا

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
تمام تبصرے دیکھیں