ہم لوگ تو ظُلمت میں جِینے کے بھی عادی ہیں

ibn-e-insha-ghazal

ہم لوگ تو ظُلمت میں جِینے کے بھی عادی ہیں
اس درد نے کیوں دل میں شمعیں سی جلا دی ہیں

اِک یاد پہ آہوں کا طُوفاں اُمڈتا ہوا آتا ہے
اِک ذکر پہ اب دل کو تھاما نہیں جاتا ہے

اِک نام پہ آنکھوں میں آنسُو چلے آتے ہیں
جی ہم کو جلاتا ہے، ہم جی کو جلاتے ہیں

ہم لوگ تو مُدّت سے آوارہ و حیراں تھے
اس شخص کے گیسُو کب اس طور پریشاں تھے

یہ شخص مگر اے دل! پردیس سدھارے گا
یہ درد ہمیں جانے کس گھاٹ اُتارے گا

عشق کا چکر ہے اِنشاؔ کے ستاروں کو
ہاں جا کے مبارک دو پھر نَجد میں یاروں کو

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
تمام تبصرے دیکھیں